ایف آئی اے حکام کیخلاف توہین عدالت کی سماعت ملتوی
عدالت نے حکام سے عدالتی حکم پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ طلب کرلیمن مانی کرنے والے افسران کو عدالت کے سامنے پیش کیاجانا چاہیے ،ریمارکس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے تاجر فیصل حمید کو بیرون ملک سفر سے روکنے پر ایف آئی اے حکام کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی، جبکہ عدالت نے حکام سے عدالتی حکم پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف سندھ میں بھی کچھ مقدمات موجود ہیں، جبکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصل حمید تمام مقدمات میں بری ہو چکے ہیں اور عدالت پہلے ہی انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت دے چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار کو سفر سے روکنا توہین عدالت کے مترادف ہے ۔ سماعت کے دوران جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ رپورٹس کی ضرورت اگر کسی کو ہے تو وہ ایف آئی اے کو ہوگی، عدالت کو نہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ جب ایک مرتبہ عدالت سفر کی اجازت دے چکی تھی تو پھر درخواست گزار کو بیرون ملک جانے سے کیوں روکا گیا۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے مزید ریمارکس دیے کہ جو افسران اس طرح من مانی کر رہے ہیں، انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔