امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستانی کردار قابلِ تحسین، تنظیم اسلامی
دادو (ڈسٹرکٹ ڈیسک)امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستانی کردار قابلِ تحسین ہے ، لیکن اپنے گھر کو درست کرنے پر بھی توجہ دی جائے ۔ عوام کو اُن کے تمام آئینی حقوق دیئے جائیں گے تو اُن کی ناراضگی دور ہوگی۔
ملکی سا لمیت کے لیے قرآن و سنت کی بالادستی والے نظام کا نفاذ ناگزیر ہے ۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ مذاکرات شروع کروانے میں پاکستان نے جس طرح مثبت کردار ادا کیا وہ خوش آئند ہے اور اُسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔ اِس سے آگے بڑھ کر اپنے گھر کو درست کرنے اور پھر عالمِ اسلام کے اتحاد کیلئے کمرکسنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی میں پرتشدد واقعات لمحۂ فکریہ ہیں، اگرچہ اِس میں ‘فتنہ ہندوستان’ کا کردار ہے لیکن اِن صوبوں کے عوام کے ساتھ زیادتیوں کے نتیجے میں عدم اعتماد اور ناراضگی کی فضا پیدا ہوئی، جس کا جلد ازالہ ضروری ہے ۔ پھر یہ کہ آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج پرحکومتی کریک ڈاؤن سے نہ صرف پاکستان کے کشمیر پر اصولی مؤقف میں کمزوری پیدا ہوئی، بلکہ بھارت سمیت پاکستان دشمن قوتیں آزاد کشمیر کے حالات کو مزید بگاڑنے کے لیے متحرک ہوچکی ہیں۔