مخالفین ترقیاتی کاموں پر رونا شروع کردیتے ہیں، میئر
ماضی میں بلدیاتی نمائندے فطرے اور زکوٰۃ کی پرچیاں تقسیم کرتے تھےکراچی کے حقوق کے معاملے پر وفاق سے صفر امید رکھتا ہوں،مرتضیٰ وہاب
کراچی (آئی این پی) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں مخالفین ترقیاتی کاموں پر خوش ہوتے ہیں، لیکن یہاں منافقین رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں۔شیریں جناح کالونی میں پارک کا افتتاح کرنے کے موقع پر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لیاقت آباد ہو، اورنگی ہو یا شیریں جناح کالونی، میں پورے کراچی کی خدمت کروں گا، کچرا کنڈی کو بلدیاتی نمائندوں نے بہتر پارک میں تبدیل کر دیا، ماضی میں منتخب بلدیاتی نمائندے فطرے اور زکوٰۃ کی پرچیاں تقسیم کرتے تھے ۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سپاہی آج شہر کو بہتر بنا رہے ہیں، ہم مزید ترقیاتی کام کریں گے۔
رواں سال ہونے والے کام سب کو نظر آئیں گے ، دنیا میں مخالفین بھی ترقیاتی کاموں پر خوش ہوتے ہیں، لیکن یہاں منافقین رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں، آنے والے دنوں میں شہریوں کیلیے مزید خوشخبریاں لے کر آئیں گے ۔ کراچی کے حقوق کے معاملے پر وفاق سے صفر امید رکھتا ہوں، 10 روز میں دو بڑے منصوبے مکمل ہونے جا رہے ہیں، منور چورنگی انڈر پاس کو سات سے آٹھ روز میں کھول دیا جائے گا، پاکستان کے پہلے انڈسٹریل واٹر پارک کو کھول دیا جائے گا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کو سڑکوں کی تعمیر کیلئے 13 ارب روپے ملے ، لیکن یہ معلوم نہیں کہ وہ پیسے کہاں ہیں؟۔