میرپور خاص:دوسو شاخ میں پانی کی عدم فراہمی پرعدالت برہم

میرپور خاص:دوسو شاخ میں پانی کی عدم فراہمی پرعدالت برہم

سیشن جج نے آبپاشی افسران کوآخری مہلت دیدی، سماعت 22جولائی تک ملتوی

میرپور خاص (بیورورپورٹ)تعلقہ سندھڑی کی دوسو شاخ میں پانی کی عدم فراہمی کیخلاف دائر آئینی درخواست پر عدالت نے آبپاشی حکام کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو آخری مہلت دیدی۔ سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران انجینئر نارا کینال خان محمد ملاح اور مختارکار سندھڑی عدالت میں پیش ہوئے ، جبکہ ایس ڈی او اور داروغہ نیازو بھنبھرو عدالت میں پیش نہ ہوئے ۔ عدالت نے متعلقہ افسران کی عدم حاضری اور زرعی پانی کی چوری روکنے میں ناکامی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت کے باہر درخواست گزار کے وکیل میر محمد نہڑی نے گفتگو میں کہا کہ آبپاشی قوانین کے مطابق دوسو شاخ پر زرعی پانی کی فراہمی کے لیے 41 واٹر کورسز منظور ہیں تاہم داروغہ نیازو بھنبھرو نے مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر 75 واٹر کورسز چلا رکھے ہیں جس کے باعث شاخ کے آخری حصے (ٹیل) تک پانی کی فراہمی ممکن نہیں رہی انہوں نے بتایا کہ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ داروغہ نیازو بھنبھرو کے تبادلے سے متعلق کارروائی کی جائے ، ٹیل آبادگاروں تک زرعی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور آئندہ سماعت پر اس حوالے سے مکمل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ، میر محمد نہڑی نے امید ظاہر کی کہ اگلی پیشی سے قبل ٹیل کے آبادگاروں کو پانی فراہم کر دیا جائے گا، بصورت دیگر 22 جولائی کو سماعت کے دوران عدالت آبپاشی حکام کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں