سانگھڑ:بینظیر سپورٹ سے کٹوتی، 7مقدمات درج، 3گرفتار
نادار افراد کے حق پرڈاکہ ڈالنے والے ڈیوائس ہولڈرز کیخلاف کریک ڈاؤنبھتہ خوری کی دفعات لگائی گئیں، 4فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ملنے والی امدادی رقوم کی ادائیگی میں ناجائز کٹوتی اور بھتہ خوری کے الزام میں 7 ڈیوائس ہولڈروں کے خلاف بھتہ خوری کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ 3 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ تھانہ کھپرو اور تھانہ منگلی میں بی آئی ایس پی کی رقوم سے غیر قانونی کٹوتی کرنے والے جعل سازوں کے خلاف پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی۔ ایس ایچ او منگلی محمد یوسف ناریجو نے شکایات پر ماتحت عملے کے ہمراہ فوری ایکشن لیتے ہوئے دو نامزد ملزمان مقصود احمد اور ممتاز علی کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایس ایچ اوکھپرو محمد شریف جمالی نے ملزم اسد اللہ کنبھر کو بھی گرفتار کیا ہے۔
مقدمات میں نامزد دیگر 4 فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ان کی گرفتاری جلد متوقع ہے ، ایس ایس پی سانگھڑ کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ غریب، یتیم اور نادار خواتین کو ملنے والے وظائف میں کسی بھی قسم کی کٹوتی یا کمیشن مافیا کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ رقوم غریب خاندانوں کی امانت ہیں اور ان پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ۔ عوام الناس سے بھی گزارش ہے کہ اگر کوئی بھی ڈیوائس ہولڈر یا ایجنٹ آپ کی امدادی رقم سے ایک روپیہ بھی کاٹنے کی کوشش کرے ، تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن پر اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔