بلوچستان میں دہشت گردی تشویشناک ، ہنگامی اقدامات کے جائیں،پاسبان
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے نصیرآباد میں 132 کے وی بجلی کے ٹاور کو دھماکے سے تباہ کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
آئے روز دہشت گردی، تخریب کاری اور ریاستی تنصیبات پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومتی ادارے امن قائم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ بجلی کے ٹاورز، سیکیورٹی فورسز اور عوام کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے ۔ اگر دہشت گردی پر فوری قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین اثرات نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کو بھگتنا پڑیں گے ۔ اقبال ہاشمی نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جامع اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے ۔