محکمہ تعلیم ،چہرے کی شناخت پر مبنی حاضری نظام کا فیصلہ
محکمہ تعلیم ،چہرے کی شناخت پر مبنی حاضری نظام کا فیصلہ
کراچی(این این آئی)محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں میں شفافیت اور حاضری کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے چہرے کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) پر مبنی حاضری کا جدید نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی غیر حاضر اور مبینہ جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسکولوں میں حاضری کے نظام کو بہتر بنانا، غیر حاضر ملازمین کی نشاندہی کرنا اور محکمہ میں شفافیت کو فروغ دینا ہے ۔ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ تعلیم سندھ میں 1989ء سے 2020ء کے دوران بھرتی ہونے والے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے ، جس کے دوران مبینہ جعلی ڈگریوں اور دیگر بے ضابطگیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ذرائع نے کہا کہ جاری جانچ پڑتال کے دوران بڑی تعداد میں ملازمین نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق اب تک 15 ہزار اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں، جبکہ محکمہ کی جانب سے درخواستوں اور ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ انتظامی اصلاحات، شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر عمل درآمد کر رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments