ضمانت منسوخی کی درخواستوں سے متعلق نئی قانونی پالیسی سے عدالت کو آگاہی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے قتل کے مقدمے میں ملزم ذوالفقار کی ضمانت منسوخی کی درخواست ریاست کی جانب سے واپس لینے پر نمٹا دی، جبکہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے ضمانت منسوخی کی درخواستوں سے متعلق نئی قانونی پالیسی سے عدالت کو آگاہ کردیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی رجسٹری میں قتل کے مقدمے میں ملزم ذوالفقار کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل سندھ بیرسٹر شبیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور اس حوالے سے جاری کردہ سرکلر بھی عدالت کے روبرو پیش کیا۔ پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ ریاست ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام پراسیکیوٹرز کو سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، کیونکہ ضمانت دینے اور ضمانت منسوخ کرنے کے قانونی تقاضے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ بیرسٹر شبیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف ضمانت کے حکم میں موجود خامیوں کی بنیاد پر ضمانت منسوخ نہیں کی جا سکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments