میرپور خاص:فیس بک پوسٹ پر جسقم رہنماؤں کیخلاف بغاوت کا مقدمہ
ملکی سالمیت کیخلاف پوسٹ کرنے ، پولیس کارروائی کے دوران مزاحمت کا الزامڈگری تھانے میں درج مقدمے میں خوشحال داس میگھواڑ، منور علی نوحانی نامزد
میرپور خاص (بیورو رپورٹ )ڈگری پولیس اسٹیشن میں مبینہ فیس بک پوسٹ پر جسقم رہنماؤں کے خلاف بغاوت اور پولیس کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈگری ذرائع کے مطابق ڈگری پولیس نے مبینہ فیس بک پر ملکی سالمیت کے خلاف پوسٹ شیئر کرنے اور پولیس کی کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے کے الزام میں جسقم رہنماؤں خوشحال داس میگھواڑ اور منور علی نوحانی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی اتم چند کی مدعیت میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خوشحال داس میگھواڑ نے 14 اگست کے حوالے سے فیس بک پر ایک مبینہ متنازع پوسٹ وائرل کی جسے پولیس نے ملکی سالمیت کے خلاف اور بغاوت پر اکسانے کے مترادف قرار دیا، پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار بھوگی خان نوحانی بس اسٹاپ پہنچے جہاں خوشحال داس میگھواڑ کو حراست میں لینے کی کوشش کی گئی، تاہم اس دوران منور علی نوحانی نے مبینہ طور پر پولیس سے مزاحمت کرتے ہوئے اسے چھڑوا کر فرار کرا دیا۔ پولیس نے دونوں افراد کے خلاف دفعات 124-A، 353 اور 224 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔ دوسری جانب جسقم رہنماؤں نے درج ہونے والے مقدمے کو انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments