کچرا سڑکوں پر پھینکنے والوں کیخلاف وارننگ مہم کی ہدایت
ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا ضلع وسطی کا دورہ، صفائی آپریشن بہتر بنانے کی ہدایتخراب گاڑیوں،مشینری ٹریکرز بحال کر کے سڑکوں پر لائی جائے ،فواد غفار
کراچی (این این آئی)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فواد غفار سومرو نے ضلع وسطی کے گلبرگ یارڈ، نیو کراچی یارڈ اور ناظم آباد یارڈ کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے آپریشن کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کردیں۔اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے صفائی کے کام میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور مشینری کے خراب ٹریکرز فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خراب گاڑیوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے اور تمام گاڑیوں کو ایک ہفتے کے اندر سڑکوں پر لایا جائے تاکہ صفائی آپریشن کسی صورت متاثر نہ ہو۔
فواد غفار نے سڑکوں اور مختلف علاقوں میں سوئپنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے عملے کی کمی فوری طور پر دور کرنے اور ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے کہا کہ شہر کو آلودگی اور کچرے سے محفوظ رکھنے کیلئے مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے ۔ عوام کو کچرا مقررہ مقامات پر پھینکنے کی ترغیب دی جائے جبکہ سڑکوں اور دیگر مقامات پر کچرا پھینکنے والے افراد کی نشاندہی کرکے انہیں وارننگ دی جائے ۔انہوں نے افسران اور نجی کمپنی کے نمائندوں کو صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے اور آپریشن میں مربوط رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر بلدیاتی اداروں کے ساتھ مستقل رابطہ رکھا جائے تاکہ صفائی سے متعلق مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments