ایچ ڈی اے :نائب قاصد کیخلاف اینٹی کرپشن انکوائری کافیصلہ
کیس حوالے کردیا گیا، ریکارڈ میں ہیرا پھیری اور غیر قانونی رسائی کا الزامنائٹ شفٹ پرمامور سکیورٹی گارڈ سے ساز باز کرکے ریکارڈ تک پہنچا، دستاویز
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ریکارڈ میں مبینہ ہیرا پھیری اور غیر قانونی رسائی، نائب قاصد کیخلاف اینٹی کرپشن انکوائری کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے اعلامیہ کے مطابق حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں سرکاری ریکارڈ تک غیر قانونی رسائی اور ہیرا پھیری کے معاملہ میں دفتری انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر سیکریٹری ایچ ڈی اے نے سخت نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ نائب قاصد کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کیلئے معاملہ اینٹی کرپشن کے سپر د کر دیا۔ ایچ ڈی اے سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ارسال مکتوب میں درخواست کی گئی کہ مذکورہ نائب کیخلاف باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔
ہاؤسنگ پروجیکٹ کنسٹرکشن ڈویژن-II میں تعینات نائب قاصد پر الزام تھا کہ اس نے نائٹ شفٹ پر مامور سکیورٹی گارڈ سے مبینہ ساز باز کر کے رات کو بغیر کسی مجاز اتھارٹی کے دفتر تک غیر قانونی رسائی حاصل کی۔ واقعہ پر ایچ ڈی اے انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ ملازم کو 31 جولائی 2026 کو معطل کر دیا تھا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ہاؤسنگ پروجیکٹ کو انکوائری آفیسر نامزد کر کے 7 ایام کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق انکوائری آفیسر نے 7 اگست 2026 کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات جمع کرائیں، جس میں انہوں نے معاملہ اینٹی کرپشن کو دینے کی سفارش کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments