کے یو جے ارکان اور اہلخانہ کیلئے علاج کی سہولت
سہولت کی فراہمی کے لیے نجی ادارے مینٹور ٹی پی اے سے معاہدہ ارکان 15اکتوبر تک آن لائن فارم جمع کرادیں، اعجاز احمد، لبنیٰ جرار
کراچی (پ ر) کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے ) اپنے ارکان اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرے گی، جس کے لیے کے یو جے اور ایک نجی ادارے ’’مینٹور ٹی پی اے ‘‘کے مابین ایک معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت کے یو جے فنڈز فراہم کرے گی، جب کہ مذکورہ ادارہ کراچی سمیت پورے ملک میں 300سے زائد اسپتالوں میں کے یوجے کے ارکان اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے کے انتظامات اور نگرانی کا ذمے دار ہوگا۔اس ضمن میں جمعہ کو یہاں مذکورہ ادارے کے دفتر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب ہوئی، جس میں معاہدے پر کے یو جے کی جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی اور مینٹور ٹی پی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سرمد شفیع صدیقی نے دستخط کئے۔
اس موقع پر کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، نائب صدور محمد ناصر شریف، راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹری روبینہ یاسمین، اراکین مجلس عاملہ محمد سلطان چاکی سومرو، غلام مصطفیٰ رند، مینٹور ٹی پی اے کی پیرنٹ آرگنائزیشن مینٹور ہیلتھ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جواد رضوی، ہیڈ آف سیلز وقار ڈنکا، مینٹور ٹی پی اے کے ہیڈ آف آپریشنزدانش جلیل اور دیگر موجود تھے ۔دریں اثناء کے یو جے کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نے کے یوجے کے ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ 15اکتوبر تک آن لائن فارم پر کرکے جمع کرادیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments