ملک چلانے کا تعلق صوبوں کی تعداد سے نہیں،ڈاکٹر قیصر

ملک چلانے کا تعلق صوبوں کی تعداد سے نہیں،ڈاکٹر قیصر

معیشت دیوالیہ ،بندرگاہ فروخت ہوچکی،جامعہ کراچی میں منعقدہ فورم میں گفتگو نئے صوبے کا مسئلہ حساس ،عوامی رائے کے خلاف کوئی فیصلہ نہ کریں،ڈاکٹر

 کراچی (سٹی ڈیسک)ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا ہے کہ ملک چلانے کا تعلق صوبوں کی تعداد سے نہیں گورننس سے ہے ،پاکستان کا معاشی نظام تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے ، ملکی اخراجات ریونیو سے کہیں زیادہ ہیں، صوبہ ایک ادارہ ہے جبکہ کرپشن ادارے نہیں افراد کرتے ہیں، کرپٹ لوگ ہر جگہ کرپشن کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ کے زیراہتمام ایم ایچ ایس اسپیکس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فورم کا موضوع’’صوبوں میں اضافہ۔ نوجوان کیا کہتے ہیں‘‘ تھا۔ فورم میں شعبہ تاریخ کی پروفیسر ڈاکٹر حنا خان بھی شریک تھیں ۔ میزبانی کے فرائض سینئرصحافی مصطفیٰ حبیب صدیقی نے انجام دیئے ۔ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہاکہ آئین میں اختیارات کی تقسیم کی شقوں پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہورہا،پاکستان کی معیشت دیوالیہ پن کے خطرے سے دوچار ہے ، ہم ایک قرضہ اتارنے کے لیے دوسرا قرضہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث ملک بھر میں جاری ہے ، تاہم سندھ اور کراچی کو اس بحث کا واحد ہدف نہیں سمجھنا چاہیے ، کراچی پہلے ہی مختلف اداروں اور انتظامی ڈھانچوں میں تقسیم ہے ، اس لیے محض صوبہ بنانے سے تمام مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ پروفیسر ڈاکٹر حنا خان نے کہا کہ سندھ میں نئے صوبے کا مسئلہ حساس نوعیت کا ہے ، اس لیے عوام کی رائے کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے ، اس طرح کے فیصلوں سے صوبے مزید کمزور ہو سکتے ہیں، اسمبلیوں میں درست نمائندگی ہو تو نئے صوبے کے قیام کے بغیر بھی عوام کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو پہلے ہی کافی اختیارات حاصل ہو چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...