سجاول:کارنے سڑک کنارے لکڑیاں کاٹتے بزرگ، بچے کوکچل دیا
دونوں موقع پرجاں بحق، بدین روڈ پرموٹر سائیکل کوبچاتے ہوئے حادثہ، ملزم گرفتارکنڈیارو میں نہر سے لاش برآمد، شہداد پور میں موٹر سائیکلیں ٹکرانے سے نوجوان ہلاک
اندرون سندھ (نمائندگان)ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات نے 4 افراد کی جانیں لے لیں۔ سجاول میں بدین روڈ پر پنیاری نہر کے مقام پر کار نے موٹر سائیکل کو بچاتے سڑک کنارے لکڑیاں کاٹنے والے بزرگ اور بچے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت گاؤں نودو بارن کے رہائشی 60 سالہ سومار بارن اور 11 سالہ عرفان علی کے نام سے ہوئی، لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق کار ڈرائیور نریش کمار اور کار میں سوار ڈاکٹر بیکھا رام نامی شخص کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کنڈیارو کے قریب چھنڈن نہر کی گیمن موری کے سامنے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہونے پر پولیس کو اطلاع دی، گئی جس کے بعد پولیس نے لاش اسپتال منتقل کردی۔شناخت نہ ہونے پر پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ایدھی انتظامیہ کے حوالے کردی جنہوں نے لاش مقامی قبرستان میں دفنادی۔ شہدادپور کے قریب گاؤں سردار شکور بروہی کے مقام پر مزدا اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سردار اعظم بروہی کا بھائی رمضان بروہی جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد پولیس نے مزدا ڈرائیور ظہور کو گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے ، جاں بحق ہونے والے رمضان بروہی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے سمس اسپتال منتقل کی گئی۔ جہاں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments