سیکریٹری میٹرک بورڈ سے متعلق مالی معاملات کاریکارڈ طلب
تبدیلی، ترقی کے احکامات سمیت مختلف منظور شدہ فیصلوں کا ریکارڈ بھی مانگا گیا تین روز میں تصدیق شدہ نقول فراہم کی جائیں ، اینٹی کرپشن کا چیئرمین کو خط
کراچی(رپورٹ:احسن چانڈیو) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے عدالتی حکم کے تناظر میں سیکریٹری میٹرک بورڈ کراچی نوید گجر سے متعلق انتظامی اور مالی معاملات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن کی جانب سے چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی کو خط ارسال کیا گیا ہے ، جس میں تین روز کے اندر مطلوبہ ریکارڈ کی تصدیق شدہ نقول فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔خط کے مطابق ڈائریکٹ کمپلینٹ نمبر 44/2026 کے تحت نوید گجر کے دور میں کیے گئے انتظامی اور مالی فیصلوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ان کی تقرری، عہدے میں تبدیلی، ترقی اور بطور سیکریٹری میٹرک بورڈ جاری کیے گئے احکامات سمیت مختلف منظور شدہ فیصلوں کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے ۔اینٹی کرپشن نے نوید گجر کے دور میں ہونے والی خریداری، ٹینڈرز، ادائیگیوں اور مالی معاملات سے متعلق دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ میٹرک بورڈ کے بینک اکاؤنٹس، بینک ٹرانسفرز، منظور کیے گئے مالی فوائد اور مختلف مدات میں کی جانے والی ادائیگیوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے ۔خط میں میٹرک بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات، انکوائری رپورٹس اور ان پر ہونے والی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیکریٹری میٹرک بورڈ کے خلاف موصولہ شکایات اور ان کے نتیجے میں کیے گئے اقدامات کی دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments