حیدر آباد:پولیس پرمبینہ فائرنگ کا ملزم مارا گیا، 2فرار ہوگئے
شان سولنگی اسٹریٹ کرمنل، ساتھیوں نے مارا، پولیس، شوہر کوناحق قتل کیا گیا، اہلیہگھوٹکی میں بھی مقابلہ، ساتھی کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، 2فرار ہونے میں کامیاب
حیدر آباد، گھوٹکی (نمائندگان)حیدر آباد اور گھوٹکی میں مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ملزمان مارے گئے ۔ حیدر آباد پولیس کے مطابق ہوسڑی پولیس نے ہوسڑی شاخ گوپانگ کے واٹر کے قریب موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے اپنی حفاظت اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم موقع پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ہلاک ملزم کی شناخت شان سولنگی کے نام سے ہوئی ہے ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ہلاک ملزم اسٹریٹ کرائم، اسنیچنگ، پولیس مقابلوں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث رہا ہے ۔ ملزم کیخلاف منشیات، ڈکیتی، اسنیچنگ اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب شان سولنگی کی لاش ہالا گاؤں کرڑ خان سولنگی پہنچنے کے بعد ان کی اہلیہ مسماۃ ہوا سولنگی نے پریس کلب پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ان کے شوہر کو جعلی مقابلہ ظاہر کرکے ناحق قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا شوہر شان سولنگی رکشہ چلا کر محنت مزدوری کے ذریعے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا تھا، ان کے تین بچوں سے والد کا سہارا چھن گیا۔ گھوٹکی کے تھانہ یارو لونڈ کی حدود میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مقابلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پستول اور ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments