معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ، پی ٹی آئی
سیاسی بے یقینی کے خاتمے کے بغیر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا مشکل ملکی معیشت کی بحالی محض دعووں اور اعلانات سے ممکن نہیں ،رضوان نیازی
کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری رضوان نیازی نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی بے یقینی کے خاتمے کے بغیر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا مشکل ہے ۔اپنے بیان میں رضوان نیازی نے کہا کہ جاری سیاسی کشیدگی اور مبینہ فسطائیت کے باعث عوام میں بے چینی اور نفرت کے جذبات بڑھ رہے ہیں۔ ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی حالات میں بہتری لائی جائے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں کاروبار، صنعت اور تجارت کو فروغ مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی محض دعوؤں اور اعلانات سے ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے مستقل، واضح اور قابلِ اعتماد معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ ایسی پالیسیوں سے صنعت کاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اعتماد مل سکتا ہے ۔رضوان نیازی کے مطابق مہنگائی، بے روزگاری، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی بلند قیمتیں جبکہ عوام کی قوتِ خرید میں کمی، عام شہریوں کے لیے سنگین مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور عام آدمی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہونا چاہیے ۔پی ٹی آئی رہنما نے شفاف طرزِ حکمرانی کو ملکی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments