سمندر سے 39ہزار 330کلوگرام تیرتا ہوا کچرا جمع

  سمندر سے 39ہزار 330کلوگرام تیرتا ہوا کچرا جمع

کے پی ٹی کی ہفتہ وار مہم میں 163 اہلکاروں نے صفائی آپریشن میں حصہ لیاجمع شدہ کچرا تلفی کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ کے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن منتقل

کراچی (این این آئی) کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے شعبہ انسدادِ بحری آلودگی نے سمندر کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے جاری ہفتہ وار صفائی مہم کے دوران 39 ہزار 330 کلوگرام تیرتا ہوا کچرا جمع کرلیا۔ یہ کارروائیاں 24 سے 30 اکتوبر 2026ء کے دوران کراچی بندرگاہ کے مختلف حصوں میں انجام دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ہفتہ وار بحری صفائی مہم کے تحت ایسٹ وارف، ویسٹ وارف، آئل پیئرز اور بوٹ بیسن جیٹی کے علاقوں میں صفائی کی کارروائیاں کی گئیں۔ اس مقصد کے لیے 51 مرتبہ منظم انداز میں کشتیاں تعینات کی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر 163 اہلکاروں نے صفائی آپریشن میں حصہ لیا۔

کے پی ٹی کے مطابق سمندر سے جمع کیے گئے تمام 39 ہزار 330 کلوگرام کچرے کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مقررہ گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن منتقل کردیا گیا، تاکہ سمندری آلودگی کے خاتمے کے ساتھ کچرے کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کا عمل بھی یقینی بنایا جاسکے ۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے مسلسل جاری ان صفائی مہمات کا مقصد بحری آلودگی کی روک تھام، آبی حیات کے قدرتی مساکن کا تحفظ اور سمندری ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہے ۔کے پی ٹی کے ان اقدامات سے نہ صرف کراچی بندرگاہ کے ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد مل رہی ہے بلکہ ماحولیاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور پاکستان میں پائیدار بحری مستقبل کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی کوششوں کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...