لیاری میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی ریلی

لیاری میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی ریلی

نبیل گبول کا وزیراعلیٰ سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کرانے کا مطالبہ لیاری میں سولر پارک اور گھروں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کی اپیل

کراچی(این این آئی)لیاری میں 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو لیاری گیٹ موسیٰ لین سے کراچی پریس کلب تک پہنچی۔ ریلی میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں، خواتین اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار نبیل گبول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو چاہیے کہ وہ سخت اقدامات کریں اور طاقت کا ڈنڈا اٹھا کر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کرائیں۔ جب تک کراچی میں بجلی اور گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، صرف بیوٹیفکیشن کے منصوبوں سے شہر میں حقیقی خوبصورتی نہیں آئے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسی بجٹ میں سے لیاری کے لیے سولر سسٹم مختص کیے جائیں اور علاقے میں سولر پارک قائم کیا جائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے ۔انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ لیاری کے لیے آئندہ بجٹ میں سولر پارک کی رقم مختص کی جائے ۔ ریلی سے پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر جاوید ناگوری، رکن سندھ اسمبلی یوسف بلوچ، عثمان ہنگورو، تیمور سیال، رکن سندھ اسمبلی شازیہ کریم، حبیب حسن اور فرید میمن نے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفاترکا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...