چنیسرٹاؤن میں 25 کروڑ لاگت سے تعمیر سندھی مسلم فوڈواک کا افتتاح

 چنیسرٹاؤن میں 25 کروڑ لاگت سے تعمیر سندھی مسلم فوڈواک کا افتتاح

منصوبے سے فوڈ ٹورازم، کاروباری سرگرمیوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے بہتر ماحول کو فروغ ملے گا،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کافوڈ واک میں ریسٹورنٹس پر آمد، شہریوں اور کھانے کے شوقین افراد سے ملاقاتیں، سیلفیاں بھی بنوائیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کی شام چنیسر ٹاؤن میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سندھی مسلم فوڈ واک کا افتتاح کردیا۔ منصوبے کا مقصد کراچی کے معروف تجارتی اور کھانے پینے کے مرکز کو جدید سہولیات سے آراستہ، منظم اور پیدل چلنے والوں کے لیے موزوں بنانا، فوڈ اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی کاروبار کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنا ہے ۔افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے فوڈ واک میں قائم مختلف ریسٹورنٹس کا دورہ کیا، مالکان، صارفین اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور وہاں موجود کھانے کے شوقین افراد سے گھل مل گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھی مسلم پہلے ہی کراچی کے معروف تجارتی اور فوڈ مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ جہاں شہر کے مختلف علاقوں سے لوگ آتے ہیں، تاہم اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر بہتر منصوبہ بندی، جدید شہری سہولیات اور منظم عوامی مقامات کی ضرورت تھی۔ سندھی مسلم فوڈ واک محض خوبصورتی کا منصوبہ نہیں بلکہ علاقے کی مجموعی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کو سہولت دینے کا جامع اقدام ہے ۔تقریب میں صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن چنیسر ٹاؤن فرحان غنی، منتخب نمائندوں، اعلیٰ سرکاری افسران، کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت سیوریج لائنوں کی تبدیلی، بجلی کی زیرِ زمین کیبلنگ، اوپر لٹکتی تاروں کا خاتمہ، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی بحالی، جدید اسٹریٹ لائٹس، بولارڈ اور آرائشی روشنیاں نصب کرنے کے علاوہ شجرکاری، لینڈ اسکیپنگ، چوراہوں کی تزئین و آرائش، پارکنگ اور متبادل راستوں کی بہتری سمیت ٹریفک سائنز اور سڑکوں پر نشانات لگانے کے کام مکمل کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کا کھانا، ثقافت، روایات، رنگا رنگی اور مہمان نوازی شہر کی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ سندھی مسلم فوڈ واک جیسے منصوبے فوڈ اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ریسٹورنٹس، چھوٹے کاروبار، تاجروں، دکانداروں اور مقامی ہنرمندوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔ بہتر شہری انفرااسٹرکچر اور منظم تجارتی مقامات نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی ترقیاتی منصوبے کی کامیابی صرف افتتاح تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس کی اصل اہمیت مستقل دیکھ بھال اور مؤثر بلدیاتی انتظام میں ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...