پکوان سینٹر پر فائرنگ کا واقعہ بھتے کا شاخسانہ نکلا، مقدمہ درج
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے کی ، پھینکی گئی پرچی پردھمکی آمیز تحریر تھی مقدمے میں لیاری گینگ وار کے بھتہ گروہ کے سرغنہ وصی لاکھو اوراس کے نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) محمود آباد میں قائم بریانی سینٹر پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر بھتے کا شاخسانہ نکلا، فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔فوٹیج کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان کی جانب سے کی گئی، موٹر سائیکل سوار ملزمان بریانی سینٹر کے باہر رکے اور مبینہ طور پر دکان کے باہر پرچی پھینکی جس پر مبینہ طور پر گینگ وار کی جانب سے دھمکی آمیز تحریر کے ساتھ ساتھ رابطہ کرنے کے لیے فون نمبر درج تھا، پرچی پھینکنے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ، فائرنگ سے دکان کے باہر موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے گولیوں کے دو خول تحویل میں لے لیے گئے ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں،خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علاوہ ازیں فائرنگ کا مقدمہ بریانی سینٹر کے مالک کی مدعیت میں ٹیپو سلطان تھانے میں درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں بھتہ طلب کرنے ، خوف و ہراس پھیلانے اور نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں لیاری گینگ وار کے بھتہ گروہ کے سرغنہ وصی لاکھو اوراس کے نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے ۔ مقدمے کے متن کے مطابق مسلح ملزمان نے بریانی اینڈ پکوان کے دفتر اور فرسٹ فلور پر قائم فیملی ہال کی دیواروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بربانی اینڈ پکوان سینٹر کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ملزمان کی جانب سے پھینکی گئی دھمکی آمیز پرچی پرلیاری گینگ وارکے وصی لاکھو کا نام درج تھا۔پرچی پر درج پیغام میں رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی، رابطہ نہ کرنے کی صورت میں دستی بم حملے کی دھمکی دی گئی، واقعے کے وقت پکوان سینٹر کے ملازمین اپنے کاموں میں مصروف تھے ۔ ملازم فہیم نے فائرنگ کے واقعے سے متعلق فون پر مالک کو اطلاع دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments