بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر فراڈ کا ملزم گرفتار
یو اے ای ورک ویزے کے بہانے ایک لاکھ 95ہزار روپے لینے کا الزامانسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات مزید موثر بنائے جارہے ہیں،ایف آئی
کراچی (این این آئی) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے انسانی اسمگلنگ اور بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2018 کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم خالد نعیم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ایف آئی آر نمبر 128/2018 میں دفعہ 22 (بی) امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت مطلوب تھا۔ عدالتی کارروائی کے دوران مسلسل عدم حاضری کے باعث متعلقہ عدالت نے اسے اشتہاری قرار دے رکھا تھا۔
مقدمے کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک پاکستانی شہری کو متحدہ عرب امارات میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر ایک لاکھ 95 ہزار روپے وصول کیے اور اسے یو اے ای کا جعلی ورک ویزا فراہم کیا۔ تاہم شکایت کنندہ کو نہ تو بیرونِ ملک ملازمت کے لیے بھجوایا گیا اور نہ ہی اس کی رقم واپس کی گئی۔ بعدازاں ویزے کی تصدیق کے دوران اس کی اصلیت پر بھی شکوک و شبہات سامنے آئے ۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے 16 نومبر 2026 کو ملزم کو گرفتار کیا۔ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف اقدامات مزید مؤثر بنائے جارہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments