ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران وکلا میں تلخ کلامی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں شارع فیصل پر این سی سی آئی اے کے غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپے کے مقدمے میں ملزم عبید اشرف کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران وکلا کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل سعید عباسی ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آر ڈی کلہوڑو پر غلط بیانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق وہ دستاویزات کی کاپی وصول کرچکے ہیں، تاہم عدالت میں انکار کررہے ہیں۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آپ مجھ پر الزام لگا رہے ہیں، میں 15 سال نیب میں پراسیکیوٹر رہا ہوں۔ اس پر سعید عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آپ نیب میں بھی ایسا ہی کرتے رہے ہیں، آپ عادت سے مجبور ہیں۔ جسٹس خالد شاہانی نے وکلا کو آپس میں الجھنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ وہ سماعت دو دن کے لیے ملتوی کررہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کو کاپی دوبارہ فراہم کردی گئی ہے ، جس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہیں کاپی کی ضرورت نہیں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments