ٹماٹر، لہسن، انڈے مزید مہنگے: پیاز، ادرک آلو سستے

ٹماٹر، لہسن، انڈے مزید مہنگے: پیاز، ادرک آلو سستے

لاہور(کامرس رپورٹر سے)ٹماٹر، لہسن اور انڈے مزید مہنگے جبکہ پیاز، ادرک اور آلو سستے ہوگئے۔ برائلر گوشت کے نرخ برقرار رہے، زائد قیمتوں کی وصولی بھی جاری رہی۔

تفصیل کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 7 روپے کلو اضافہ ہو گیا ، سرکاری نرخ 110 روپے کلو مقرر کئے گئے لیکن مارکیٹ میں ٹماٹر 140 روپے کلو تک فروخت کئے گئے ۔لہسن کاسرکاری نرخ 15 روپے اضافے سے 575 روپے کلو مقرر ہوا ،مارکیٹ میں لہسن 700 روپے کلو تک بیچا گیا۔ادرک کا سرکاری نرخ 25 روپے کمی سے 750 روپے کلو مقرر ہوا،تاہم مارکیٹ میں ادرک 900 روپے کلو تک رہی۔ پیاز کا سرکاری نرخ 5 روپے کمی سے 125 روپے کلو مقرر کیا گیا لیکن مارکیٹ میں پیاز 150روپے کلوفروخت ہو تا رہا۔آلو کا سرکاری نرخ 3 روپے کمی سے 82 روپے کلو مقرر کیا گیا۔مارکیٹ میں آلو 90 روپے کلو فروخت ہوا۔ اسی طرح بند گوبھی اور پھول گوبھی 140 روپے کلو تک فروخت کی گئی۔پالک اور ساگ 50 سے 60 روپے کلو رہے ۔ برائلر گوشت کے نرخ بدستور 595 روپے کلو رہے ۔فارمی انڈے ایک روپیہ اضافے سے 304روپے درجن ہو گئے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئندہ چند ہفتے معتدل موسم کے باعث سبزیوں کی پیداوار بہتر ہونے کا امکان ہے جس سے نرخ میں استحکام رہے گا ۔تاہم انڈے کے نرخ میں تیزی کا امکان موجود ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں