2025:صوبے بھرمیں ایک لاکھ 45 ہزار اشتہاری گرفتار
سنگین جرائم میں مطلوب 89 اشتہاریوں کو بیرونِ ملک سے پکڑکر لایا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)سال 2025 کے دوران پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں خطرناک عادی، اشتہاری اور عدالتی مفرور مجرمان کے خلاف بھرپور اور مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب ایک لاکھ 45 ہزار 506 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار اشتہاری مجرمان میں 50 ہزار سے زائد اے کیٹیگری جبکہ 98 ہزار سے زائد بی کیٹیگری کے اشتہاری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب پولیس نے 53 ہزار 297 عدالتی مفروروں کو بھی گرفتار کیا جن میں 13 ہزار سے زائد اے کیٹیگری اور 40 ہزار 270 بی کیٹیگری کے عدالتی مفرور شامل ہیں۔کریک ڈاؤن کے دوران 30 ہزار 788 ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم) کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا، جن میں 12 ہزار 644 اے کیٹیگری اور 18 ہزار 144 بی کیٹیگری کے عادی مجرم شامل ہیں۔ سنگین جرائم میں مطلوب 89 اشتہاری مجرمان کو بیرونِ ملک سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا، جو پنجاب پولیس کی بین الاقوامی سطح پر مؤثر کارروائیوں کا واضح ثبوت ہے ۔شہر میں بھی پولیس کی کارروائیاں بھرپور رہیں، جہاں 31 ہزار 967 اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے۔