ڈولفن :معذور بچے کے اغواکی کوشش ، خاتون گرفتار
بچہ گریٹر اقبال پارک میں فیملی کے ہمراہ سیر و تفریح کیلئے پارک آیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے ویژن کے تحت ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ صوبے بھر میں مؤثر انداز میں سرگرمز عمل ہے ۔ اسی سلسلے میں لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے معذور بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا کر ایک خاتون کو گرفتار کر لیاترجمان ڈولفن کے مطابق واقعہ گزشتہ رات تقریباً 11 بجے گریٹر اقبال پارک میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم خاتون 10 سالہ معذور بچے کو کھیلنے کے بہانے اس کے اہلِ خانہ سے لے کر فرار ہو گئی۔
بچہ اپنی فیملی کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے پارک آیا تھا۔دورانِ پٹرولنگ بچے کی والدہ نے ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کو اغوا کی کوشش سے آگاہ کیا، جس پر ٹیم نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا۔ ڈولفن ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بادشاہی مسجد ایگزیکٹو گیٹ کے قریب سے ملزمہ کو گرفتار کر لیا جبکہ 10 سالہ موحد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمہ وہیل چیئر پر بیٹھے بچے کو گریٹر اقبال پارک سے باہر لے گئی تھی۔ بازیاب ہونے والے بچے کو محفوظ طریقے سے اس کی حقیقی والدہ کے حوالے کر دیا گیا، جنہوں نے بچے کی بحفاظت واپسی پر ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کا شکریہ ادا کیا۔