راشن کارڈ کی تقسیم کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت
دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹروں کیلئے اوور کوٹ اور عملے کیلئے یونیفارم لازمی ہوگا :پیسی کمشنر
لاہور(خبر نگار)کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت پیسی ہیڈ آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پنجاب بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) ڈائریکٹرز میڈیکل اور ریکوری ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی جبکہ مقامی ڈائریکٹرز اجلاس میں موجود تھے ۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں قائم ڈائریکٹوریٹس آف سوشل سکیورٹی کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وائس کمشنر توقیر الیاس چیمہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران ایم ایس، ڈائریکٹرز میڈیکل اور ریکوری ڈائریکٹرز کی جانب سے اپنی اپنی کارکردگی اور آئندہ اہداف پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر کو مریم نواز راشن کارڈ کی تقسیم، سوشل سکیورٹی اور ورکرز ویلفیئر کے ریکوری اہداف پر بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔کمشنر نے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹروں کے لیے اوور کوٹ اور عملے کے لیے یونیفارم لازمی ہوگا جبکہ علاج و معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مزدور دوست وژن کے مطابق ورکرز کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔