حکومت بسنت جیسے خونیں تہوار پر پابندی لگائے :جماعت اسلامی
بسنت پر اموات کی ذمہ دار وزیر اعلیٰ ہوں گی:جاوید قصوری کی پریس کانفرنس
لاہور (سیاسی نمائندہ ) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے ڈاکٹر بابر رشید ،ذکر اللہ مجاہد ،فاروق چوہان اور عمران الحق کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں 18سال بعد 6، 7اور 8فروری کو حکومت پنجاب کی سرپرستی کو بسنت منانے کا اعلان تشویشناک اور قابل مذمت ہے ۔ بسنت معاشرتی اقدار کے منافی ہے ، اس پر پابندی ختم کرنا درحقیقت انسانی جانوں سے کھیلنے ، قومی وسائل اور اخلاقی اقدار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا ۔ بسنت منانے کی اجازت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے ۔اگر بسنت کے نتیجے میں ڈور پھرنے سے اموات ہوں گی تو اس کی ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب ہوں گی ۔بسنت کو ثقافت کے نام پر دوبارہ زندہ کرنا درست اقدام نہیں ۔حکومت یاد رکھے کہ اگر 6تا 8فروری کے دوران بسنت کے باعث کوئی بھی جانی یا مالی نقصان ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر عائد ہو گی۔اگر حکومت بسنت منانے ہی چاہتی ہے تو اس کو شہر سے باہر کوئی جگہ مختص کرکے منایا جائے ۔شہر کے اندر اس خونیں کھیل کو منانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔