واسا :بلنگ ‘مالی وصولیوں میں 100فیصد ہدف حاصل
2025:گرمی اور سردی میں شہریوں کو یومیہ اوسطاً 15گھنٹے پانی کی فراہمی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )واسا لاہور کی سال 2025 کی مجموعی کارکردگی کو مؤثر اور تسلی بخش قرار دے دیا گیا ہے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر واسا لاہور کی خصوصی کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی، جو ایم ڈی واسا غفران احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلی رپورٹ پر مبنی ہے ۔اعلامیے کے مطابق واسا لاہور نے بلنگ اور مالی وصولیوں میں 100 فیصد ہدف حاصل کیا، جبکہ ادارے کا مالی نظم و نسق مستحکم رہا۔فزیکل کلیکشن ایفی شینسی 83فیصد جبکہ فنانشل کلیکشن ایفی شینسی 100 فیصد ریکارڈ کی گئی۔پانی کی فراہمی اور معیار میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی، جہاں پانی کے 99 فیصد سے زائد نمونے معیار کے مطابق قرار پائے ۔کیمیائی طور پر ناقص پانی کے نمونے صرف 0.412 فیصد جبکہ بایولوجیکل طور پر ناقص نمونے 0.448 فیصد ریکارڈ ہوئے ۔گرمی اور سردی دونوں موسموں میں شہریوں کو یومیہ اوسطاً 15گھنٹے پانی کی فراہمی جاری رہی۔واٹر سپلائی سے متعلق شکایات کا تناسب صرف 1.89فیصد رہا، جن میں سے زیادہ تر شکایات 24گھنٹوں کے اندر حل کی گئیں۔سیوریج سے متعلق شکایات کا تناسب 5 فیصد جبکہ ریونیو سے متعلق شکایات صرف 0.21 فیصد ریکارڈ کی گئیں۔