نولکھا چرچ :نئے سال کی خوشی میں فیملی میلے کا انعقاد

نولکھا چرچ :نئے سال کی خوشی میں فیملی میلے کا انعقاد

خواجہ سلمان رفیق نے مسیحی برادری کے ہمراہ نئے سال کا کیک بھی کاٹا

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے نولکھا پریسبیٹیرین چرچ کے دورے کے موقع نئے سال کی خوشی ایک روزہ فیملی میلے کا افتتاح کیا۔ اس سے قبل ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے چرچ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی۔ صوبائی وزیر نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا، شرکا سے ملاقات کی اور مسیحی برادری کے ہمراہ نئے سال کا کیک بھی کاٹا۔ فیملی میلے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مساوی اور بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومتِ پنجاب مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے ۔ تمام متعلقہ محکموں کی دن رات محنت کے باعث الحمدللہ کرسمس کا تہوار صوبہ بھر میں امن و امان کے ساتھ خیرو عافیت سے گزرا۔ پاکستان سب کا ہے جہاں خوشیاں اور غم سانجھے ہیں اور آج فیملیز کو خوش اور لطف اندوز ہوتے دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں