قالین صنعت کامعیشت میں نمایاں کردار :کارپٹ انسٹیٹیوٹ
سوشل میڈیا پر برانڈ کی موجودگی مضبوط کی جائے :چیئرپرسن کا برآمد کنندگان سے گفتگو
لاہور (آن لائن) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بر قرار رکھنے کیلئے بدلتے رجحانات کے مطابق مربوط حکمت عملی پر کام کرنا ہوگا ، اس وقت صنعت کو اپنی بقاء کا سامنا ہے اس لئے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور حکومت بھی کھلے دل سے معاونت کا اعلان کرے ۔ اپنے دفتر میں مینو فیکچررز اور بر آمد کنندگان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمن نے کہا کہ نئے ڈیزائنز کی تیاری پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے ،ایسے ڈیزائنزمتعارف کرائے جائیں جو یورپی اور امریکی مارکیٹ میں مقبول ہوسکیں،ماحول دوست اور قدرتی رنگوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔ہر قالین کے ساتھ اس کی کہانی پیش کی جائے ، اپنی باقاعدہ ویب سائٹ اور ای کامرس سٹور قائم کیا جائے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر برانڈ کی موجودگی مضبوط کی جائے ۔