انجمن تاجران کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
اضافے سے مہنگائی کی لہر آئے گی ،تمام شعبوں پر اثرات پڑیں گے ’ صدر اشرف بھٹی
لاہور (آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل ہے کہ اس اضافے کو واپس لینے کا اعلان کریں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کے رجحان سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں ، اشیائے خورونوش اور دیگر مصنوعات مزید مہنگی ہو جائیں گی جس سے عوام کیلئے رمضان اور عید الفطر کی خوشیاں پھیکی پڑ جائیں گی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ جو شعبے ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں یا ٹیکس چوری میں ملوث ہیں انہیں پکڑا جائے نہ کہ پیٹرولیم لیوی بڑھا کر عوام پر مزید بوجھ ڈالا جائے ۔ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کی اطلاعات ہیں جس کی وجہ سے عوام ذہنی طور پر شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے پیٹرولیم قیمتوں میں کئے گئے حالیہ اضافے کو واپس لینے کا اعلان کریں گے ۔