ایران میں پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وفاق کوخط

ایران میں پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وفاق کوخط

طلبہ کی سکیورٹی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر :وزیر تعلیم سکندر حیات

لاہور(خبرنگار)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایران میں پاکستانی طلبہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا۔خط میں ایران کی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی طلبہ کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ وزیر تعلیم نے ایران میں پاکستانی طلبہ کے تحفظ اور انخلا کیلئے ہنگامی اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کی سکیورٹی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔

اپنے خط میں وزیر تعلیم نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ وزارت خارجہ اور ایران میں موجود پاکستانی سفارتی مشن کے ساتھ مسلسل روابط رکھتے ہوئے ترجیحی اقدامات کیے جائیں اور طلبا کی سلامتی، فلاح و بہبود اور محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ ایران میں موجود پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد پنجاب سے تعلق رکھتی ہے جن کے والدین بچوں کے حوالے سے سخت پریشان ہیں۔

رانا سکندر حیات نے ایران میں موجود پاکستانی طلبہ کا تحفظ اور انخلا ء یقینی بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ طلبہ سے براہ راست رابطے کیلئے ہنگامی مواصلاتی نظام قائم اور فعال رکھا جائے ۔ وزیر تعلیم کے خط کا متن مزید کہا گیا کہ ایران میں موجود پاکستان طلبہ کا تصدیق شدہ ڈیٹا مرتب کیا جائے اور انخلا ء تک طلبا کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں