دربار داتا گنج بخشؒ کی ترقی و تحفظ کیلئے پر عزم : نبیل جاوید
اجلاس میں انفراسٹرکچر کی بہتری، خوبصورتی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ
لاہور(سیاسی نمائندہ)دربار داتا گنج بخشؒ کو روحانی روشنی کا مرکز اور پنجاب کے صوفی ورثے کی لازوال علامت قرار دیتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے دربار کی حرمت کے تحفظ اور زائرین کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار اقدس پر جاری ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اجلاس میں انفراسٹرکچر کی بہتری، خوبصورتی کے اقدامات اور عوامی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ دربار پر آیاتِ قرآنی، احادیث مبارکہ اور منتخب اشعار پر مشتمل خطاطی کے ڈیزائنز کو بھی تفصیلی جائزہ کے بعد حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ ان میں فنی خوبصورتی کے ساتھ روحانی تقدس بھی برقرار رہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ نہ صرف ایک عظیم صوفی بزرگ بلکہ ممتاز عالم اور مصنف بھی تھے جن کی تعلیمات محبت، رواداری اور اتحاد کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی کام دربار کی تاریخی، مذہبی اور تعمیراتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ اس روحانی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے ۔