جنرل ہسپتال : موثر مانیٹرنگ کیلئے ویجی لینس کمیٹی تشکیل

جنرل ہسپتال : موثر مانیٹرنگ کیلئے ویجی لینس کمیٹی تشکیل

3 رکنی کمیٹی وارڈز، ایمرجنسی، حاضری، صفائی اور سکیورٹی کا سرپرائز معائنہ کریگی

لاہور (ہیلتھ رپورٹر )پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے جنرل ہسپتال میں مریض دوست ماحول کے فروغ اور مانیٹرنگ کے موثر نظام کیلئے ویجی لینس کمیٹی تشکیل دیدی، جسکے چیئرمین پروفیسر آف پیڈیاٹرک گیسٹرو اینٹرالوجی ڈاکٹر حسن سلیمان جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پیتھالوجی ڈاکٹر آمنہ آصف اور سینئر رجسٹرار آرتھوپیڈک سرجری ڈاکٹر مبشر فرحان ممبران ہونگے ۔ یہ کمیٹی وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈیز اور ہسپتال کے دیگر شعبوں کا باقاعدہ اور اچانک معائنہ کرنے کیساتھ حاضری، ڈسپلین، مریضوں کی بہتر نگہداشت، ریکارڈ کی پڑتال اور سٹاک کا جائزہ لے گی۔

کمیٹی جنٹوریل عملے کی حاضری، تعیناتی اور صفائی کی کڑی نگرانی کریگی، سکیورٹی عملے کی موجودگی، ویسٹ ڈسپوزل، سینیٹیشن اور انفیکشن سے بچا ؤکے طریقہ کار پر عملدرآمد کا بھی معائنہ کریگی۔ مریضوں کی دیکھ بھال، حفاظت اور تیمارداروں کو سہولیات یقینی بنانے کیلئے انتظامی ڈاکٹرز کیساتھ ملکر اقدامات کیے جائینگے اور مشاہدات، اٹھائے گئے اقدامات و تجاویز پر مشتمل ہفتہ وار رپورٹ پرنسپل کو پیش کی جائیگی جبکہ کسی بھی سنگین غفلت کی فوری اطلاع دی جائیگی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم کا کہنا ہے کہ مریض دوست ماحول کو فروغ دینے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائینگی، انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبوں اور انتظامی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ کمیٹی سے مکمل تعاون اور ہدایات کی بروقت تعمیل یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...