ٹریفک حادثات:ایک شخص جاں بحق، تین شدید زخمی

ٹریفک حادثات:ایک شخص جاں بحق، تین شدید زخمی

گاڑی کی ٹکر سے ارشد موقع پر چل بسا، ایک زخمی کی حالت تشویشناک

مونڈکا (نامہ نگار) علاقے میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پہلا حادثہ بستی عاربی کے سامنے جتوئی روڈ پر پیش آیا، جہاں ویلڈر محمد ارشد اپنی فیملی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ملتان جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکر ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 35 سالہ محمد ارشد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، جبکہ ان کی اہلیہ اور بچہ شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔دوسرا واقعہ ہیڈ 76 کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک نوعمر لڑکا گنے سے لوڈ چلتی ٹریکٹر ٹرالی کے آگے سے گنا کھینچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران پاؤں پھسلنے سے وہ ٹریکٹر ٹرالی کے پہیوں کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگیں بری طرح کچلی گئیں۔واقعے کے بعد مقامی افراد نے زخمی لڑکے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے ۔ مکینوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے اور تیز رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں