وہاڑی میں واسا فعال، نکاسی وفراہمی آب بہتر بنانے کا فیصلہ

وہاڑی میں واسا فعال، نکاسی وفراہمی آب بہتر بنانے کا فیصلہ

انتظامی اختیارات منتقل،دیرینہ مسائل کے خاتمہ کیلئے مدد ملے گی ، ڈی سی

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر وہاڑی میں واسا کو باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر نگرانی ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غلام مرتضیٰ نے میونسپل کمیٹی کے وسائل ڈپٹی ایم ڈی واسا عاصم عباس رضا کے سپرد کر دئیے ۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے اس موقع پر کہا کہ واسا وہاڑی میں واٹر سپلائی اور سیوریج کی خدمات فراہم کرے گی جس سے شہریوں کو درپیش دیرینہ مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل اولین ترجیح ہے ، تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔تقریب میں واسا کے افسران اور ملازمین نے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ شہری حلقوں نے واسا کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہر میں صفائی، سیوریج اور صاف پانی کی صورتحال بہتر ہو گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں