انتظامیہ خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح وبہبود کیلئے متحرک
ضلعی انتظامیہ 3 فیصد کوٹہ اور معاون آلات کی فراہمی یقینی بنا رہی،ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویلفیئر و بحالی یونٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈسٹریل یونٹس اور نجی اداروں میں خصوصی افراد کے لیے مختص 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عمر نے معاون آلات کی رجسٹریشن اور فراہمی سے متعلق بریفنگ دی اور منظوری بھی دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں کو واش رومز اور ریمپس بنانے کا حکم دیا اور 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ضلعی انتظامیہ ان کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ۔