ان پڑھ بچوں کا ایگزٹ ڈیٹا نہ ہونا ایک بڑا المیہ، محمد اشرف
لٹریسی ریٹ بڑھانے کیلئے محکموں سے ملکرکوششیں کرنا ہوگی،ڈی سی لودھراں
لودھراں (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کو ضلع لودھراں میں لٹریسی اور نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور اہداف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر شازیہ نورین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع کے سکولوں میں مڈل جنرل کی کلاسز شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں لٹریسی ریٹ 51عشاریہ 69 فیصد ہے اور لٹریسی ٹیچرز کو فی کس 20 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جا رہا ہے ۔ منظم منصوبہ بندی کی بدولت مستقبل میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ان پڑھ بچوں کا ایگزٹ ڈیٹا نہ ہونا ایک بڑا المیہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی ریٹ بڑھانے کے لیے تمام محکموں کو ساتھ مل کر مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی اور حکومت فل سپورٹ فراہم کرے گی۔ محمد اشرف نے محکمہ لٹریسی کی تعلیم فروغ پالیسی کی تعریف بھی کی۔