تعلیمی اداروں میں سکیورٹی ایس او پیز کیلئے جائزہ کمیٹیاں تشکیل
محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندگان شامل
ملتان (خصوصی رپورٹر) حکومت کی ہدایات کے تحت صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کمیٹیوں میں محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے ۔کمیٹیاں سرکاری اور نجی سکولوں کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کریں گی۔ جائزے میں سکولوں کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور تربیت، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت، وزیٹر رجسٹر کے اندراج، بائیو میٹرک نظام، ہنگامی انخلا کے منصوبے اور عمارتوں کی چار دیواری و گیٹس کی مضبوطی جیسے امور شامل ہیں۔حکام کے مطابق معائنے کے بعد جامع رپورٹ متعلقہ اتھارٹیز کو ارسال کی جائے گی اور جہاں سکیورٹی انتظامات ناکافی پائے جائیں گے وہاں فوری بہتری کے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ اور پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی خطرے کے جاری رہ سکیں۔