پاک افغان کشیدہ صورتحال تشویشناک، لیاقت بلوچ
افغان قیادت کی ہٹ دھرمی کے سبب قطر ، ترکیہ میں مذاکرات ناکام ہوئے
ملتان (کرائم رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی تشویشناک صورت اختیار کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی رہی ہے اور حالیہ جھڑپوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔جامع العلوم میں ملتان کی صحافی برادری کے اعزاز میں منعقدہ دعوتِ افطار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطر اور ترکیہ میں ہونے والی کانفرنسوں کے باوجود مسائل حل نہ ہو سکے ، جس کی بڑی وجہ افغان قیادت کی ہٹ دھرمی ہے ۔ پاکستان نے علماء اور سفارتی وفود بھیج کر غلط فہمیوں کے ازالے کی کوشش کی کیونکہ دونوں ممالک کے مفاد میں تعلقات کی بہتری ہے ۔لیاقت بلوچ نے افغانستان اور بھارت کے درمیان دفاعی تعاون کو خطے کے امن کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری وطن کے تحفظ کے لئے متحد ہے ۔