سرحدی حالات کے پیش نظر ضلع لودھراں میں ہائی الرٹ
لودھراں (سٹی رپورٹر)موجودہ سرحدی حالات کے پیش نظر ضلع بھر میں پولیس نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر علی بن طارق کے احکامات کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر انٹری اور ایگزٹ پوائنٹ پر مؤثر ناکا بندی کی گئی ہے ۔پولیس ترجمان کے مطابق ہر آنے جانے والی گاڑی کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے اور مسافروں کی فوری ویری فکیشن پولیس ایپس کے ذریعے یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ ناکہ بندی کے دوران زِگ زیگ بیریئرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ مشتبہ گاڑیوں اور افراد کی مکمل اسکروٹنی کی جا رہی ہے ۔اہم شاہراہوں پر ایلیٹ فورس، محافظ سکواڈ اور دیگر پولیس ٹیموں کی پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ ڈی پی او علی بن طارق نے ہدایت کی ہے کہ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے ۔