پل باگڑ سرگانہ میں گنے کی نئی اورجدید ورائٹی پر مشاورت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پل باگڑ سرگانہ میں گنا کی نئی اور جدید ورائٹی 16 عشاریہ 639جے کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا
جس میں مقامی شوگر ملز کے سرکل انچارج عبدالرزاق زاہد اور صغیر حسین بھٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئی ورائٹی کی خصوصیات، افادیت اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء کو بتایا گیا کہ یہ موجودہ ورائٹیوں کے مقابلے میں زیادہ پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے زمینداروں کو براہ راست معاشی فائدہ حاصل ہو سکتا ہے ۔ اس ورائٹی پر بیماریوں کا حملہ کم ہوتا ہے جس کے باعث فصل کی صحت بہتر رہتی ہے اور کاشتکاروں کے اخراجات میں کمی آتی ہے ۔سرکل انچارجز نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ ورائٹی شوگر ملز کے لیے بھی فائدہ مند ہے کیونکہ اس کی ریکوری دیگر اقسام کے مقابلے میں بہتر ہے ، جس سے معیاری چینی کی پیداوار میں اضافہ اور صنعتی لاگت میں کمی ممکن ہے ۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر اس ورائٹی کو منظم انداز میں فروغ دیا جائے اور زمینداروں کو جدید کاشتکاری طریقوں سے آگاہ کیا جائے تو علاقے میں گنا کی مجموعی پیداوار اور شوگر انڈسٹری کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے ۔ آخر میں زمینداروں کی رہنمائی اور عملی تعاون کے ذریعے اس ورائٹی کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔