گندم کا پیداواری ہدف حاصل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم

گندم کا پیداواری ہدف حاصل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم

نازک مرحلے پر گندم کی آبپاشی کے حوالے سے جامع رہنمائی جائے،7لاکھ ایکڑ رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا :سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو

ملتان ( وقائع نگار خصوصی )سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں فیلڈ میں جاری عملی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران گندم سمیت دیگر اہم فصلوں کی موجودہ صورتِ حال پر غور کیا گیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ لی گئی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کو بتایا گیاکہ صوبہ بھر میں گندم کی فصل کی حالت بہت اچھی ہے اور پیداواری ہدف کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جائیں ،سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر گندم اور دیگر فصلوں کے بارے میں کاشتکاروں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جائے ۔

 

انہوں نے کہا کہ ماہرین کی سفارشات کے مطابق اس نازک مرحلے پر گندم کی آبپاشی کے حوالے سے جامع رہنمائی جاری کی جائے ، جبکہ نہری پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے محکمہ انہار سے مسلسل رابطہ رکھا جائے ۔ گندم کی نگہداشت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا تعاون بھی حاصل کیا جائے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سیزن کے دوران 7 لاکھ ایکڑ رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ ملتان، ساہیوال، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز میں اگیتی کپاس کی کاشت کو یقینی بنایا جائے تاکہ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں