گگومنڈی پارک میں خستہ حال جھولے شہریوں کیلئے خطرہ
انتظامیہ خاموش،کسی بڑے سانحہ کاانتظار،قیمتی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں
گگومنڈی (نامہ نگار)پارک میں لگے خستہ حال جھولے شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے ،انتظامیہ خاموش،کسی بڑے سانحہ کاانتظار، قیمتی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔تفصیلات کے مطابق گگومنڈی کے جملیراروڈپرواقع زین ٹاؤن کے پارک کے اندر نصب جھولے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر اور انتہائی خستہ حالت میں موجود ہیں جس کے باعث بچوں اور شہریوں کی قیمتی جانیں داؤ پر لگ گئی ہیں مقامی رہائشیوں کے مطابق جھولوں کی زنجیریں زنگ آلود ہو چکی ہیں جبکہ سیٹیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے شہریوں محبوب عالم، محمد اکرم، محمدافضل،ندیم بھٹی،فرزندعلی ودیگر کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں بچے اور خواتین ان جھولوں پر سوارہوتے ہیں اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے والدین شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر جھولوں کا معائنہ کر کے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے یا ناقابل استعمال جھولوں کو ہٹا دیا جائے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، اسسٹنٹ کمشنربوریوالا اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر پارک میں موجود جھولوں کی مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔یادرہے کہ تین روزقبل انتظامیہ کی طرف سے پارک میں لگے جھولوں کو بند کرا دیا گیاتھالیکن ایک گھنٹے بعد ہی زین ٹاؤن مالکان نے زبردستی جھولے چالوکردئیے ہیں۔