یوسف گیلانی کی عبدالرحمان کانجوسے والدہ کی وفات پرتعزیت
مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ، سوگوار حاندان سے اظہار ہمدردی
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی عبدالرحمان خان کانجو کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کے لئے کہروڑ پکا میں ان کے فارم ہاؤس پہنچے ، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین دربار حضرت موسیٰ پاک شہید سید ابو الحسن گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں ایک عظیم ہستی ہے جس کا نعم البدل ممکن نہیں اور اس کا بچھڑ جانا ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی محبت، شفقت اور دعا انسان کے لئے مضبوط سہارا ہوتی ہے اور اس کا سایہ اٹھ جانا دل کو غمزدہ کر دیتا ہے ۔انہوں نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کچھ وقت سوگوار خاندان کے ساتھ گزارا اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایم این اے صدیق بلوچ سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے دعا کی۔