ستھرا پنجاب پروگرام کی تعلیمی اداروں تک توسیع
خصوصی ٹیموں کو سکولوں کی صفائی پر متعین کیا جائیگا، اقدام کا مقصد طلبہ کو صاف ، صحت مند ، بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ، ٹیمیں کو ڑا کرکٹ کی تلفی، بیت الخلاء کی صفائی یقینی بنائینگی مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا، ناقص صفائی طلبہ کی صحت ، حاضری پر منفی اثرات مرتب کرتی، اقدام پر والدین ، اساتذہ کا اظہار مسرت، فوری شروع کرنے کی اپیل
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں صفائی کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے \\\"ستھرا پنجاب\\\" پروگرام کو تعلیمی اداروں تک توسیع دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ، جس کے تحت اب سکولوں کی صفائی باقاعدہ طور پر خصوصی ٹیمیں کریں گی۔ذرائع کے مطابق \\\"ستھرا پنجاب\\\" پروگرام، جو پہلے شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کامیابی سے جاری ہے ، اب سرکاری سکولوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو صاف، صحت مند اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے ۔منصوبے کے تحت مخصوص صفائی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور بیت الخلاء کی صفائی کو یقینی بنائیں گی۔ اس کے علاوہ سکولوں میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ اکثر سرکاری سکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال طلبہ کی صحت اور حاضری پر منفی اثر ڈالتی ہے ، جس کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر تھا۔ \\\"ستھرا پنجاب\\\" ٹیموں کی تعیناتی سے نہ صرف صفائی کے مسائل حل ہوں گے بلکہ طلبہ میں صفائی ستھرائی کی عادات کو بھی فروغ ملے گا۔ماہرین تعلیم نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صاف ستھرا ماحول تعلیمی کارکردگی میں بہتری کا اہم عنصر ہے ، اور اس پروگرام سے سرکاری سکولوں کا مجموعی معیار مزید بہتر ہوگا۔ شہری حلقوں نے بھی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔