جھوٹے مقدمات اور بیانات بدلنے پر متعدد افراد کے خلاف کارروائی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) جھوٹے مقدمات درج کروانے اور عدالت میں بیانات تبدیل کرنے کے مختلف واقعات پر پولیس نے متعدد افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔
تھانہ صدر سرور شہید کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات میں مدعیان نے بعد ازاں عدالت میں اپنے بیانات تبدیل کر دیے جس پر نامزد ملزمان بری ہو گئے ۔پولیس کے مطابق مختلف مقدمات میں شہریوں نے اغوا اور زیادتی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے مگر بعد میں عدالت میں اپنے مؤقف سے منحرف ہو گئے۔ ان واقعات میں میرن شاہ، چک 555، چاہ منظور والا، چک 547 سمیت دیگر علاقوں کے کیسز شامل ہیں۔ ایک مقدمہ جھوٹی اطلاع دینے پر ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت بھی درج کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جھوٹے مقدمات اور بیانات بدلنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی ہو اور انصاف کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔