لاہور گلوبل ولیج جوہر ٹاؤن:اربوں کامنصوبہ تنازعات کاشکار
سی بی ڈی نے تمام الاٹمنٹس، لائسنسز اور اجازت نامے منسوخ کردیئے
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور گلوبل ولیج جوہر ٹاؤن ، جس پر اربوں روپے خرچ ہوئے ، اب ایک بڑے انتظامی تنازع کا مرکز بن گیا ہے ۔سی بی ڈی پنجاب اتھارٹی نے لیز معاہدہ ختم کر کے مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔تمام دکانداروں کو 17 اپریل تک جگہ خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق لاہور کا اربوں روپے کا منصوبہ لاہور گلوبل ولیج میاں پلازہ جوہر ٹاؤن ، جسے ارینا واک اینڈ شاپ سنٹر بھی کہا جاتا ہے ، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے ، جہاں لیز معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوتی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق نگران دورِ حکومت میں پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس منصوبے کو نجی کمپنی ایم/ایس جینیسس ٹی ٹی سی جے وی کے حوالے کیا، تاہم یہ معاہدہ 25 فروری 2026 سے باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے ۔ جبکہ دکانداروں اور سٹال ہولڈرز کو 17 اپریل تک جگہ خالی کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے ۔ ڈیڈ لائن کے بعد کسی بھی قسم کا قیام غیر قانونی تصور کیا جائے گا سابق کمپنی کے ساتھ کیے گئے کسی بھی مالی یا قانونی معاہدے کی ذمہ داری اب دکانداروں پر ہو گی، جبکہ کسی بھی نقصان یا سامان کی ذمہ داری اتھارٹی قبول نہیں کرے گی اور تمام تر حالات کی ذمہ داری دکانداروں پر ہوگی۔