عیدالاضحی کے اجتماعات کیلئےسکیورٹی پلان تیار

عیدالاضحی کے اجتماعات کیلئےسکیورٹی پلان تیار

2061مقامات پر عید کے اجتماعات، 4843پولیس افسر واہلکار تعینات ،حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز سے چیکنگایلیٹ فورس ، ڈولفن ، پولیس موبائلز مسلسل گشت پر مامور رہیں گی، شہریوں کی مال وجان کا تحفظ اولین ترجیح، عوام مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں، آرپی او عثمان گوندل

ملتان (کرائم رپورٹر )عید الاضحی کے موقع پر ریجن بھر میں 2061 مقامات عید گاہ، مساجد اور امام بار گاہوں پر نمازِ عید ادا کی جائے گی۔ اس طرح 78 کھلے مقامات پر بھی عید کی نماز ادا کی جائے گی ۔ جہاں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے لئے 4843 پولیس افسر و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال کیا جائے گا جبکہ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور پولیس کی موبائل ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ عید کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ سی پی او ملتان اور ڈی پی اوز وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام بھی سکیورٹی اقدامات میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پرامن ماحول کو برقرار رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں